اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے میں عوام کی جانب سے عدم تعاون کی روش برقرار ہے، چوبیس گھنٹوں میں ایس او پیز کی سات ہزار 882 خلاف ورزیاں کی گئیں، انتظامیہ نے ہزاروں گاڑیاں ، دکانیں سیل، جرمانے بھی کیے گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 20گھنٹوں میں ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے 7 ہزار 882 واقعات رپورٹ ہوئے، 1 ہزار 70 سے زائد مارکیٹیں سیل کی گئیں جبکہ 1ہزار 234 گاڑیوں کو جرمانہ یا تھانوں میں بند کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں 16 خلاف ورزیاں، 14 دکانیں سیل اور 2 گاڑیوں پر جرمانہ عائدکیا گیا جبکہ خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 252 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ 105 گاڑیاں ضبط اور 178 دکانوں کو سیل یا جرمانے کیے گئے۔
پنجاب میں 2 ہزار 172 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، 618 دکانیں سیل اور 816 گاڑیاں ضبط کی گئیں، آزاد کشمیر میں 390 خلاف ورزیاں، 63 گاڑیاں اور 53 دکانوں کو سیل اور متعدد کوجرمانے کیے گئے، بلوچستان میں 786 خلاف ورزیاں، 203 گاڑیاں اور 95 دکانیں سیل وجرمانے ہوئے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں 183 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جبکہ گلگت بلتستان میں 88 مارکیٹ اوردکانوں کو جرمانے یا سیل اور 23 ٹرانسپورٹ سیل کی گئیں۔