برازیلیا: (دنیا نیوز) پوری دنیا موذی وائرس کی لپیٹ میں ہے، کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی، ہلاکتیں پانچ لاکھ سے بھی بڑھ گئیں۔ برازیل میں مزید 994 ،میکسیکو میں 719، امریکا میں 512 اور بھارت میں 412 افراد جان سے چلے گئے۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ مہلک وائرس نے اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد کی جان لے لی۔ دنیا بھر میں ایک روز میں ایک لاکھ 76ہزار سے زائد کورونا کے مریض سامنے آئے۔
امریکا میں کورونا سے 25 لاکھ 96 ہزارافراد متاثر ہیں، 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ ممالک میں برازیل دوسرے نمبر پر آ گیا جہاں 13 لاکھ 16 ہزار افراد متاثر ہیں، 57 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں 6 لاکھ 27ہزار سے زائد کورونا کے مریض ہیں، 9 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ بھارت دنیا میں کورونا سے متاثر چوتھا بڑا ملک ہے، مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
میکسیکو میں 4 ہزار 410 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی، مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ چلی میں مزید 280، پیرو میں 196 اور ایران میں 125 افراد ہلاک ہوئے۔