پاکستان میں بننے والے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہو گئی، فواد چودھری

Last Updated On 28 June,2020 09:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بننے والے وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے این ڈی ایم اے کے حوالے کر دیں گے۔ جان بچانے والی یہ تمام مشینیں یورپی یونین کے سٹینڈرڈ کے مطابق ہیں۔

وزیر سائنس فواد چودھری کا ٹویٹ میں کہنا ہے کہ ملک میں وینٹی لیٹرز بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ میڈ اِن پاکستان وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ قومی ادارے کو جلد دے دیں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے یہ تمام مشینیں یورپی یونین کے سٹینڈرڈ کے مطابق تیار کی ہیں۔ اس کے علاوہ مزید تین ڈیزائن بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جس کے بعد پاکستان جلد ان چند ممالک میں شامل ہو جائے گا، جو پیچیدہ میڈیکل مشینیں بناتے ہیں۔

 

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ 26 فروری کو پہلا کورونا کیس پاکستان میں آیا تب کچھ بھی ملک میں نہیں بنا رہے تھے۔ آج وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان میں خود کفیل ہو گئے ہیں۔
 

Advertisement