مقبوضہ کشمیر: معصوم بچے کے سامنے شہید کئے گئے نانا کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی

Last Updated On 02 July,2020 10:03 am

سوپور: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کے شہر سوپور میں معصوم بچے کے سامنےشہید کئے گئے نانا کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا ہے سوپور واقعے کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، قتل میں جو بھی ملوث ہے اسے سزا ملنی چاہیے، عرب ٹی وی نے بھی بھارتی بربریت کا پول کھول دیا۔

سوپور میں معصوم بچے کے سامنے شہید ہونے والے نانا کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے جنازے میں شرکت کی۔ ننھے بچے اور رشتے داروں نے بھی سچ بتا دیا۔ گزشتہ روز سوپور میں المناک واقعہ پیش آیا جب بھارتی فوج نے تین سالہ نواسے کے سامنے نانا کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ تین سالہ ایاد لاش کے قریب بیٹھا بے بسی سے درندوں کی سفاکیت دیکھتا رہا۔

تصویر سامنے آنے پر ہر آنکھ اشکبارہوگئی، سوشل میڈیا پر بھارتی مظالم کی لوگوں نے بھرپور انداز میں مذمت کی۔ ترجمان جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ نے کہا ہے سوپور واقعے کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، قتل میں جو بھی ملوث ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔

عرب ٹی وی نے بھی بھارتی بربریت کا پول کھول دیا، واقعے کی مکمل رپورٹ دکھا کر سچ دنیا کے سامنے لے آئے، بھارت کو بین الاقوامی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہید برہان وانی کی 8 جولائی کو برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ شہادت منایا جائے گا، گاؤں، گاؤں تمام شہدا کی غائبانہ نمازہ جنازہ ہو گی۔ سات اورآٹھ جولائی کو بھارتی قبضے کےخلاف مظاہرے ہوں گے۔
 

Advertisement