شدید گرمی میں لاہور سے کراچی تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، عوام بلبلا اٹھے

Last Updated On 03 July,2020 03:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہری پریشان، بلوچستان میں 132 کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن گرنے سے گوادر، تربت اور پنجگور میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

دھرم پورہ، تاجپورہ، آر اے بازار، بیدیاں روڈ ڈیفنس، وحدت روڈ، گڑھی شاہو، داروغہ والا، مناواں، مرغزار کالونی میں بھی بتی گل، شہریوں نے شکوہ کیا کہ کم وولٹیج سے الیکٹرانک مصنوعات خراب ہونے لگیں، لیسکو کو متعدد بار شکایت درج کرائی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق لاہور میں 220 کے وی غازی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی ہوئی جس کے باعث 90 میگا واٹ کی لوڈ مینجمنٹ کے باعث 33 فیڈرز ایک وقت میں بند کئے گئے۔ اوکاڑہ سمیت کئی دیگر شہروں میں بھی بجلی وقفے وقفے سے جاتی رہی۔

 

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، صفورا میں بتی گل، لیاقت آباد، نیو کراچی، اختر کالونی، کشمیر کالونی، محمود آباد، منظور کالونی اور اطراف میں بھی مکینوں کا برا حال کر دیا۔

بلوچستان میں ضلع کیچ کے نظر آباد تمپ کے مقام پر 132 مین کے وی ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور تیز ہواؤں اور بارش سے گرگیا۔ 132 کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن گرنے سے گوادر، تربت اور پنجگور میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ کیسکو کی جانب سے مرمت کا کام جاری ہے۔