لاہور: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں کی جھڑی لگ گئی، مختلف علاقوں میں رم جھم سے لاہور،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی اڑن چھو ہوگئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
قدرت ہوئی مہربان، مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا، باغوں کے شہر لاہور میں بارش کے بعد سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو اور حسین بنا دیا۔ گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی، شہر میں آج مزید رم جھم کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں سے بارش کی توقع ہے۔
جنت نظیر وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسیں گے،جموں میں درجہ حرارت انتالیس، سری نگر میں اکتیس،لیہہ میں بیس رہے گا۔