لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں بارش کہیں رم جھم، لاہور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
باغوں کے شہر لاہور میں بارش نے ہر منظر اجلا دیا، کہیں رم جھم، کہیں بوندا باندی ہوئی۔ بادلوں سے چھلکنے والے پانی سے گرمی اڑن چھو ہوگئی۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شہر بے مثل اسلام آباد میں بھی گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے تاہم سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے شہر میں آج بھی مینہ برسنے کی نوید سنا رکھی ہے۔
پنڈی بھٹیاں، وزیر آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ آسمان سے پانی برسا، جہلم میں گھنگھور گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا۔ ڈسکہ شہر، جلالپور بھٹیاں اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
میانوالی، میانوالی شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ دینہ، صفدرآباد، فاروق آباد، بھکر گرج و چمک کے ساتھ تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرم رہے گا تاہم پوٹھو ہار، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔