لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Last Updated On 29 June,2020 09:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کراچی میں بھی رم جھم ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور سری نگر میں 28 رہے گا۔

لاہور میں صبح سویرے کالی گھٹائیں آئیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم سہانا ہوگیا، سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب کے مقام پر 28 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک میں 26، جیل روڈ پر 19.8، ایئر پورٹ 16.2 اور گلبرگ میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شہر کے مختلف نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

شیخوپورہ، چنیوٹ، صفدر آباد، ننکانہ صاحب، بھکر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جس سے گرمی اڑن چھو ہوگئی۔ کراچی میں مختلف مقامات پر رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئند ہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بالائی، وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج موسم ابر آلود رہے گا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، سری نگر میں 28، اننت ناگ 29 اور لیہہ میں 19 رہے گا۔
 

Advertisement