اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

Last Updated On 28 June,2020 06:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ مری اور نتھیا گلی میں ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ لاہور میں بھی کہیں کہیں بادل برسے۔

شہر اقتدار میں پری مون سون کے بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ مری میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے ملکہ کوہسار کا حسن مزید نکھر گیا۔

لاہور میں بھی کالی گھٹائیں چھائیں۔ کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کےبیشتر علاقوں میں شدید گرم اور مرطوب موسم کا راج برقرار ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

 

Advertisement