لاہو: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ نے شہر کے سات نئے علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ ایک دن کیلئے موخر کر دیا ہے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن آج نہیں بروز جمعرات رات 12 بجے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایک دن کا اضافہ شہریوں کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔ ان علاقوں میں کورونا مریضوں کی تعداد رپورٹ ہو رہی ہے۔ واضح رہے لاہور میں کورونا وائرس کا خطرہ اب بھی برقرار ہے، مزید 7 علاقے ہاٹ سپاٹ میں آ گئے ہیں۔ 68 علاقے کھلنے کے بعد لاہور کے مزید سات علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ واپڈا ٹاون اور ای ایم ای کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ اور چونگی امرسدھو میں بھی لاک ڈاؤن ہوگا۔ قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ کا کچھ حصہ بھی لاک ڈاؤن میں آئے گا۔ تمام علاقے آج رات 12 بجے کے بعد بند کر دیئے جانے تھے۔
حکومتی رپورٹ کے مطابق ای ایم ای میں 200 مریض سامنے آئے، واپڈا ٹاؤن میں 360، جوہر ٹاؤن میں 700 اور چونگی امرسدھو میں 220 مریض رپورٹ ہوئے۔
ڈی سی لاہور دانش افضال کے مطابق تمام علاقوں میں مجموعی طور پر 877 کورونا مریض رپورٹ ہوئے تھے۔ پچھلے 14 دنوں میں 367 مریض رپورٹ ہوئے۔ کیسز زیادہ ہونے پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔