اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لئی ایکسپریس وے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس منصوبے پر 60 ارب روپے لاگت آئے گی۔
تفصیل کے مطابق شیخ رشیداحمد نے لئی ایکسپریس وے منصوبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ کے حوالے سے بر یفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر تقریباً 60 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ منصوبہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے اشتراک سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر کو اس منصوبے پر اب تک کئے گئے کام کے بارے میں کو آگاہ کیا گیا۔ شیخ رشید احمد نے لئی ایکسپریس وے منصوبہ میں سٹرک کے دونوں اطراف کمرشل اور رہائشی منصوبے بنائے جانے کی تجویز بھی پیش کی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دی کہ اس منصوبے کو جلد ازجلد عملی جامہ پہنایا جائے۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق، کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود احمد، چیئر مین آر ڈی اے طارق سلیم ودیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔