اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو متحدہ عرب امارات، ترکی، ملائشیا، ویتنام، بحرین، ایتھوپیا، ہانگ کانگ، عمان، قطر، کویت 10 ممالک سے 176 پاکستانی پائلٹوں کی سناد کی توثیق کے لئے درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 166 پائلٹوں کی سناد کی توثیق کر دی گئی جبکہ بقیہ 10 کے حوالے سے تصدیق کا عمل آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے قطر ایئرویز میں تعینات 39 میں سے 35 پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس کلیئر قرار دیدیئے، لائسنسز کی تصدیقی فہرست سول ایوی ایشن اتھارٹی قطر کو فیکس کر دی گئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے مطابق 4 پائلٹوں کے لائسنس کے حوالے سے رپورٹ آئندہ 7 دنوں میں مرتب کی جائے گی۔
ترجمان سول ایوی ایشن عبد الستار کھوکھر کے بیان کے مطابق بورڈ آف انکوائری نے کل 262 پائلٹوں کے لائسنس مشکوک ہونے کی نشاندہی کی تھی جس کے نتیجے میں ان تمام پائلٹوں کو فوری طور پرگراؤنڈ کر دیا گیا، وفاقی کابینہ نے بھی ان 262 پائلٹوں میں سے 28 کے لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دی جس کے تحت ان کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے، یہ پائلٹ اب کسی بھی قسم کی اڑان نہیں بھر سکیں گے۔