پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے: وزیراعظم نے واضح کر دیا

Last Updated On 18 July,2020 08:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ عمران خان نے واضح کرتے ہوئے کہا پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے۔

 وزیراعظم سے ایوان وزیراعلیٰ میں عثمان بزادر نے ملاقات کی۔ عمران خان نے عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا سمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کروایا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، عوام کو حکومتی ایس او پیز پر عملدآمد کرنا اور حکومت کا ساتھ دیتے رہنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان کا اظہار برہمی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے اپنے اخراجات میں واضح کمی کی ہے، لاہور کے شمال میں جدید شہر بسانے کے لئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی قائم کی ہے، اتھارٹی نیا شہر بسانے کیلئے کام کرے گی، نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا، نیا شہر ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر بنایا جائے گا، نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

دوسری طرف پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں ممبران اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کرنے والے اراکین میں ملک محمد عامر ڈوگر، زوالفقار علی خان، سید فیض الحسن، حاجی امتیاز احمد چوہدری، ملک عمر اسلم خان، مہر غلام محمد لالی، ریاض فتیانہ، ملک کرامت علی کھوکھر، رائے محمد مرتضی اقبال، احمد حسین ڈیہڑ، میاں محمد شفیق، طاہر اقبال، نیاز احمد جکھڑ اور سردار محمد خان لغاری شامل تھے ۔ ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نچلی سطح پر کرپشن ختم ابھی تک نہ ہو سکی، ادارے کیا کر رہے ہیں۔ صوبے میں کرپشن ختم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ کرپشن سے متعلق مجھے میانوالی ،لاہور اور دیگر اضلاع سے بہت کچھ پتا چلا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے نظام کی خرابی سے ترقیاتی منصوبے ناکام ہوتے ہیں: وزیراعظم عمران خان

ملاقات کے دوران ایم این اے ریاض فتیانہ نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی جو علاقے بجلی سے محروم ہیں وہاں بجلی مہیا کی جائے۔

اس وزیراعظم نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں ہونی چاہیے، بجلی کی فراہمی کےلئے وفاق و صوبے ملکر کام کریں تاکہ بچے پڑھ سکیں۔

ملاقات کے دوران اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے تحفظات کی بھر مار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی اسمبلی اراکین کو زیادہ جبکہ قومی اسمبلی کی اراکین کو کم ملتے ہیں، ہمارے حلقوں کے مسائل حل نہ ہوئے، ترقیاتی سکیموں سے محروم ہیں۔

ان تحفظات کو سننے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ممبران اسمبلی کے تحفظات فوری طور پر دورکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کنفوژن ہے اسے فوری ختم کی جائے، بزدار صاحب آئندہ کوئی گلہ شکوہ نہیں ہونا چاہے، تحفظات درست ہیں، ترقیاتی سکیمیں جہاں ممکن ہیں وہ شروع کی جائیں گی۔