ژوب سے کچلاک تک شاہراہ کی تعمیر کیلئے بولی کا عمل جاری ہے: عاصم باجوہ

Last Updated On 20 July,2020 10:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ژوب سے کچلاک تک شاہراہ کی تعمیر کے لئے بولی کا عمل جاری ہے۔ یہ منصوبہ سی پیک کے مغربی روٹ کا حصہ اور بلوچستان کے عوام کی اشد ضرورت ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان ژوب سیکشن بھی چین کی مالی معاونت کی غرض سے مشترکہ تعاون کمیٹی کے لئے زیرغور ہے۔

 

پاک چین اقتصادی راہداری کے چئیرمین عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد اور کوئٹہ ایکسپریس وے کے ذریعے منسلک ہو جائیں گے۔