اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مودی کا آج کون یار ہے؟ کلبھوشن یادیو کو لاڈلہ بنایا جا رہا ہے تو کبھی بھارت کے ساتھ ٹریڈ کھول رہے ہیں، ن لیگ کو طعنے دئیے جاتے ہیں، پاکستان کی غیرت کا سودا کیا جا رہا ہے، بتایا جائے اب کس دباؤ پر فیصلے ہو رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کل تک کلبوشن کی وجہ سے ہم پر مودی کے یار کے الزامات لگتے تھے، کلبوشن پاکستان میں دہشتگردی کرتا رہا، اب کیوں کلبوشن کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیر اعظم بتائیں اب پاکستان کی غیرت کا سودا کیوں کیا جا رہا ہے، یہ قانون قبول نہیں، کلبوشن پاکستان کا دشمن ہے، عالمی دباؤ میں آکر یہ کیا ہو رہا ہے۔
بعدازں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا عمران خان نے کہا تھا کسی کو این آر او نہیں دوں گا، جتنے این آر او وزیراعظم نے دیئے کسی آمر نے بھی نہیں دیئے، جہانگیر ترین کو این آر او دیا گیا، بلین ٹری، مالم جبہ، چینی چوری، تیل چوری اور ہر چیز پر این آر او دیا گیا، بھارتی جاسوس کے اعتراف جرم کے باوجود این آر او دیا جا رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا سپریم کورٹ نے کہا نیب کو سیاسی طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے، پورے پاکستان کیلئے احتساب کا ایک ادارہ ہونا چاہیئے۔
دوسری جانب وزارت قانون نے کلبھوشن یادیو کی اپیل سے متعلق آرڈیننس قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ آرڈیننس پیش کرنے پر اپوزیشن نے شدید اعتراضات اٹھائے۔ پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن اراکین کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، حکومتی اراکین کے جواب دینے کی کوشش پر ایوان میں گرما گرمی کا ماحول پیدا ہو گیا۔