حکومت (ق) لیگ کو نیب کے ذریعے ڈرا رہی ہے، احسن اقبال کا الزام

Last Updated On 26 July,2020 10:47 pm

شکر گڑھ: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت (ق) لیگ کو نیب کے ذریعے ڈرا رہی ہے۔ اس وقت پاکستان کی تمام اپوزیشن پارٹیوں میں اتفاق رائے ہے کہ حکومت پاکستان کے لیے ایک عذاب بن چکی ہے۔

دانیال عزیز کے ڈیرہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے لوگ اس وقت عاجز آ چکے ہیں۔ خاتون خانہ گھر کا بجٹ نہیں چلا سکتیں جبکہ بجلی اور گیس کے بل ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو معیشت چلانے کی الف ب کا نہیں پتا، غلط اقدامات اٹھانے سے ہر تدبیر الٹی ہو رہی ہے۔ اس وقت حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ ملک سے باہر بھاگ رہا ہے۔ پاکستان کو بچانے کے لیے نیا راستہ تلاش کرنا پڑے گا۔ آزاد اور منصفانہ الیکشن ہوں تاکہ حقیقی نمائندے سامنے آ سکیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اناڑی وزیراعظم نے ملک کے کئی ایکسیڈنٹ کیے۔ حکومت شوگر مافیا، آٹا مافیا، ڈرگ مافیا اور تیل مافیا کو پیسہ کھلا رہی ہے۔ (ق) لیگ کو ملک بچانے کے لیے سوچنا پڑے گا۔