وزیر خارجہ کا سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم

Last Updated On 26 July,2020 09:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کورونا کی وبائی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنی اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے حوالے سے خیریت دریافت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے سبب کورونا پھیلاؤ اور شرح اموات میں کمی ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی دفاعی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھیں یقین دیالا کہ پاکستان سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین رواں سال حج کی محدود ادائیگی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ محدود پیمانے پر حج کی ادائیگی کا فیصلہ عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

دوران گفتگو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ کورونا وبائی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور دو طرفہ امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔