ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ تین روز سے لاپتا ایک شہری صوبہ الریاض میں واقع ایک صحرا میں حالتِ سجدہ میں دم توڑ گئے۔
سعودی پولیس کی ایک امدادی ٹیم کو ذویحی حمود العجالین نامی اس شہری کی لاش صوبہ الریاض میں واقع ایک صحرا کے وسط سے ملی ہے۔ اس ٹیم کی امدادی کارروائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔
ان میں ذویحی کی ڈبل کیبن کار پر لکڑیوں کا گٹھڑ دیکھا جاسکتا ہے جس سے اہلکاروں نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ وہ صحرا میں اپنی گاڑی پر خاندان کے لیے لکڑیاں اکٹھی کرنے گئے تھے۔
العثور على #مفقود_وادي_الدواسر متوفياً وهو ساجد لله تعالى..pic.twitter.com/FClNDNk6xz
— هاشتاق العرب (@TheArabHash) July 20, 2020
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 40 سالہ ذویحی حمود العجالین کا تعلق الریاض کے علاقے وادی الدواسر سے تھا اور وہ گذشتہ جمعرات کو اپنے گھر سے نکلے تھے اور لاپتا ہوگئے تھے۔
پولیس نے ان کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں کی جانب ٹیمیں بھیجی تھیں۔ ان میں ایک ٹیم نے صحرا کا چپّہ چپّہ چھان مارا تھا اور وہ ان کی کار تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
کار سے چند میٹر کے فاصلے پر لق ودق صحرا میں ذویحی حالت سجدہ میں پائے گئے اور ان کی نماز کے دوران ہی کسی وقت روح قبض ہوگئی تھی۔ سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی ہے اور لوگ ان کی مغفرت کی دعائیں کر رہے ہیں۔