اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا ہماری منزل سری نگر، ہماری نظر سری نگر پر ہے، سری نگر کی جامع مسجد میں نوافل ادا کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر تاریخی خطاب کریں گے، 5 اگست کو پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی ہوگی، کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جنیوا میں جب کشمیریوں پر ظلم کی بات ہوئی تو بھارتی نمائندہ منہ چھپا رہا تھا، کشمیریوں کے علاوہ دیگر مذاہب نے بھی کشمیر کی تقسیم کو قبول نہیں کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا شائننگ انڈیا آج برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا ہے، سکھ برادری نے بھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف بھرپور احتجاج کیا، وزارت خارجہ پوری طرح آگاہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کس طرح اجاگر کرنا ہے، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں گی، کشمیری شہدا کا خون بولے گا اور بھارتی ظلم و جبر کی گواہی دے گا۔
وززیر خارجہ نے کہا دنیا جانتی ہے کشمیریوں کے بنیادی حقوق آج بھی سلب ہیں، کچھ لوگوں نے کشمیر ایشو سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی، پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کل بھی کھڑی تھی آج بھی کھڑی ہے، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کا لہو شامل ہے، بھارت نے کشمیریوں کا جھنڈا چھینا ان کا تشخص مٹانے کی کوشش کی، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کورونا کے بعد دنیا کو معلوم ہو گیا کہ لاک ڈاؤن کیا ہے ؟ یورپی یونین میں مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اٹھایا گیا، عمران خان نے یو این اجلاس میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا، بھارت نے آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوشش کی، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، دنیا بخوبی جانتی ہے ایک سال کے دوران کشمیری جس کرب سے گزرے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا وزیراعظم کے جنرل اسمبلی میں خطاب پر بھارتی مندوب چہرہ چھپا رہے تھے، وزیراعظم کی جنرل اسمبلی میں تقریر، 25 ہزار کا مجمع باہر کھڑا تھا، پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا پاکستانی وزیراعظم کی تقریر کے دوران اتنا بڑا مجمع ہو، پاکستانی سیاسی جماعتوں میں تفرقہ کی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں۔
اس سے قبل معاون خصوصی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، پاکستان کشمیریوں کو بھولا ہے نہ بھولے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بھارت کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہوا، مودی کی پالیسیوں سے نجات کا واحد حل کشمیریوں کا حق خودارادیت ہے، یوم کشمیر کے موقع پر دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جائے گا۔