لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ بلاتفریق اور شفاف احتساب سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، سیاسی مخالفین کو صرف اپنی فکر ہے ان کو ملک و قوم کے مفادات کا سوچنا چاہیے۔
گورنر پنجاب سے چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق اور پارٹی وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چودھری سرو کا کہنا تھا ایف اے ٹی ایف کے متعلق 2 بلوں کی پارلیمنٹ سے منظوری تاریخی اقدام ہے، ملکی مفاد میں ہونیوالی قانون سازی میں اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف 22 کروڑ پاکستانی افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز کیساتھ ہیں، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے بے پناہ قربانیں دیں ہیں، انشاء اللہ پاکستان معاشی سمیت ہر محاذ پر کامیابی کیساتھ آگے بڑھے گا۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کورونا کیخلاف سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دیگر حکومتی اقدامات موثر ثابت ہوئے ہیں، کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کیلئے عوام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے، عوام عید سادگی سے منائیں اور کورونا ایس اوپیز پر عمل کریں۔