لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بزدار حکومت اور انتظامیہ صفائی ستھرائی کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام اضلاع میں انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی جانب سے بروقت اقدامات کیے گئے ہیں۔ بنیادی فوکس آلائشیں اکٹھی کرنا، مناسب مقامات پر سٹور کرنا، ڈمپنگ سائٹس تک لے جا کر تلف کرنا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ پنجاب بھر کے بڑے شہروں میں اندازاً 93500 ٹن آلائشیں اٹھانے کے لیے 7113 گاڑیاں اور 28165 افراد پر مشتمل عملہ کام کر رہا ہے۔ تمام شہروں کی یونین کونسلوں میں صفائی کے لیے خصوصی کیمپ لگائے گئے ہیں۔آلائشوں کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے لیے خصوصی بیگز بھی حکومت کی جانب سے تقسیم کیے گئے ہیں۔صرف لاہور میں ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے 1.7 ملین بیگز تقسیم کیے گئے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا تمام آپریشن خصوصی کنٹرول رومز اور اینڈرائڈ موبائل ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ قربان گاہوں، سٹوریج اور ڈمپنگ سائٹس، شاہراہوں اور خالی پلاٹوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے چار لاکھ کلو گرام سے زائد چونے کا استعمال کیا جاۓ گا۔بزدار حکومت صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔