لاہور: (دنیا نیوز) عید کے دوسرے روز بھی لاہور، کراچی سمیت ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں گائے، اونٹ، بکرے اور دنبے اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کیے جا رہے ہیں۔
عید قرباں کے نرالے رنگ، لاہورمیں مرد حضرات نے بھی کچن سنبھال لیا، جس پر خواتین کو آرام مل گیا۔ اس موقع پر گھروں میں گوشت سے بنی ڈشوں کا غلبہ ہے۔ کسی نے گوشت سے قیمہ تیار کیا تو کہیں مٹن کڑاہی کو ترجیح دی گئی۔ بچوں کو باربی کیو کا شوق ہے جس میں کباب، ملائی بوٹی اور تکے شامل ہیں۔ لاہوریوں نے نہاری اور سری پائے کو ترجیح دی۔
عید کے دوسرے روز پشاور میں شہری حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کی یاد میں جانوروں کی قربانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں اونٹ بھی اللہ کی راہ میں قربان کیے جا رہے ہیں۔ فیصل آباد میں شہریوں نے باربی کیو پارٹیوں کا پلان بنا لیا جن کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ شہر کے مختلف پوائنٹس پر شہری قربانی کے گوشت کا قیمہ بنوا رہے ہیں۔
کراچی میں شہری آج بھی عید کی خوشیاں منانے میں مصروف ہیں لیکن ٹریفک پولیس اہلکار اور رینجرز شاہراہوں پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں قربانی تو جار ہے تاہم کئی مقامات سے آلائشیں اور کوڑا کرکٹ اٹھایا نہ جا سکا جس سے علاقہ مکین تو پریشان ہیں ہی، شہر اقتداد کا حسن بھی گہنانے لگا ہے۔
قربانی کے دوران کچھ دلچسپ واقعات بھی پیش آئے جن میں اناڑی قصائیوں اور جانوروں میں زور آزمائی شامل رہی۔ دنیا پور میں بھینسے نے قصاب کی دوڑیں لگوا دیں، بھینسے نے مالک اور اناڑی قصاب کو ٹکر بھی دے ماری۔ بپھرے بھینسے نے 2 گھنٹے تک اہل محلہ کی بھی دوڑیں لگوائیں۔
رحیم یار خان میں بھی قربانی کا بچھڑا رسی چھڑوا کر بھاگ نکلا اور بھاگتے ہوئے نہر صادق کینال میں جا گرا تاہم ریسکیو اہلکاروں نے کرین کی مدد سے بچھڑے کو نہر سے نکال لیا۔