اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھارت کو کشمیری عوام کے خلاف مسلسل غیر قانونی کارروائیوں اور جرائم پر جوابدہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
قومی اسمبلی کے سپیکر نے دنیا بھر کے ایک سو اٹھاسی پارلیمانوں کے سپیکرز اور پریذائیڈنگ افسران کے نام خط میں ایک بار پھر دو ہمسایہ ملکوں کے درمیان دیرینہ تنازع کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے پرامن اور منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ پانچ اگست 2020ء کا دن بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منایا جائے گا۔
ان بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کو اختیارات اور استصواب رائے سے محروم کرنے کیلئے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ عالمی برادری کورونا وائرس کی وبا سے برسرپیکار ہے تو بھارت نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا ہے اور اس کی فوج نے روایتی ظلم و بربریت اور مکمل استثنیٰ کے ساتھ غیرانسانی کریک ڈاؤن کو تیز کر دیا ہے۔
سپیکر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اس انسانی بحران کا فوری نوٹس لے جو کہ جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔