کشمیر ایسی صورتحال سے گزر رہا ہے جس کا اختتام آزادی ہے: وزیراعظم

Last Updated On 06 August,2020 09:08 am

مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر ایسی صورتحال سے گزر رہا ہے جس کا اختتام آزادی ہے، مودی کو ہندوتوا کی بنیاد پر پذیرائی ملی، کشمیر کے معاملے پر دنیا کے ٹاپ لیڈرز سے بات کی، ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کشمیر فلیش پوائنٹ ہے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتے دیکھا اور تنزلی بھی دیکھی، 60 کی دہائی میں دنیا پاکستان کی مثال دیا کرتی تھی، اصولوں پر چلنے والی قوم ترقی کرتی ہے، قوم جب اصولوں سے ہٹ جاتی ہے تو نیچے آ جاتی ہے، جو صلاحیتیں پاکستانی قوم میں ہیں وہ کسی اور میں نہیں، پاکستان میں ترقی یافتہ ملک بننے کی بھرپور صلاحیت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا مایوس کبھی نہیں ہونا چاہیئے، مودی گزشتہ سال 5 اگست کو بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے، مودی نے پاکستان کیخلاف نفرت کی بنیاد پر الیکشن جیتا، مودی نے ہندوازم کی بنیاد پر انتخاب جیتا، بھارت کو بار بار کہا آپ ایک قدم اٹھائیں ہم 2 قدم بڑھائیں گے، بی جے پی حکومت آنے پر مودی کا کشمیریوں پر ظلم بڑھ گیا، بھارت کے تمام اقدامات کے پیچھے تکبر ہے۔

عمران خان نے کہا بھارت غلط فہمی میں تھا 8 لاکھ فوج بھیج کر کشمیریوں کو دبالے گا، مودی سمجھتا تھا بھارت بڑی معیشت ہونے کے باعث دنیا خاموش رہے گی، بھاری اکثریت سے الیکشن جیتنے پر مودی نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کی، مودی سمجھتا تھا اس اقدام سے پاکستان خاموش رہے گا، بھارت آر ایس ایس غنڈوں کے ذریعے دہشت پھیلانا چاہتا تھا، لیڈر کبھی نفرتیں پھیلا کر ووٹ حاصل نہیں کرتا۔

 وزیراعظم نے 14 اگست کو سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا 14 اگست کو سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دیں گے۔

Advertisement