اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے فرد جرم پر شہباز شریف کو تعویز دھاگا کرنے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا آصف زرداری نے کرمنلر پروسیجر میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، جلد اپوزیشن کا مطالبہ ہوگا نیب ختم کر دیں، عمران خان کے ساتھ ہیں، وہ پانچ سال پورا کرے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، اے پی سی 15 اگست تک نہ ہوئی تو محرم شروع ہو جائے گا، اپوزیشن میں وہ دم خم نہیں، انہیں سہولتیں اور رعایت چاہیئے۔ انہوں نے کہا ایم ایل ون حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، چاہتے ہیں ریٹائرڈ ملازمین بھی ایم ایل ون منصوبے کو جوائن کرلیں، ایم ایل ون کے بعد ٹو پر کام شروع کر دیں گے، ایل ون منصوبے سے ٹرینوں کی تعداد بھی بڑھے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا 14 وزارتیں اسی وجہ سے کرسکا کہ لوگوں کا اعتماد تھا، نالہ لئی کی وجہ سے گردونواح کے لوگ امیر ہونے جا رہے ہیں، تجاوزات کے ساتھ گزارہ کر رہے ہیں۔