اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے مسئلے پر بحث پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر پانچ اگست کو بحث کی گئی جب گزشتہ سال اسی روز بھارت نے جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کئے تھے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پرایک سال میں تیسری مرتبہ بحث کی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو یہ بتانے کےلئے ایک خط لکھا تھا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال تیزی سے خراب ہورہی ہے اور اس مسئلے پر سلامتی کونسل میں بحث کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ ان کی درخواست پر 72 گھنٹے کے اندر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں نہ صرف مسئلہ کشمیر کو شامل کیاگیا بلکہ اس پر تفصیلی بحث بھی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے پندرہ میں سے تیرہ ارکان نے بحث میں حصہ لیا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے اس بحث کو رکوانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بنانے کی بھارتی کوششیں بھی ناکام ہوئیں کہ کشمیر اس کا داخلی معاملہ یا دو طرفہ مسئلہ ہے۔