ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یہ عید ماضی کی عیدوں سے مختلف ہے، کورونا کیخلاف پاکستان کو کامیابی ملی، عید پر غفلت ہوئی تو ساری محنت ضائع ہوسکتی ہے، پاکستانی قوم ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عید نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے، یوم استحصال پر ایک منٹ کی خاموشی ہوگی، کشمیری عوام پر بھارتی ظلم کی مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کی قربانی رنگ لائے گی اور بھارت کو شکست ہوگی، صدر مملکت اسلام آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے، تمام وزرائے اعلیٰ صوبائی دارلحکومتوں میں ریلی کی قیادت کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا 3 اگست کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کروں گا، یوم استحصال پر بھارت کو واضح پیغام دیں گے، مختلف شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے سیمینار ہوں گے۔ انہوں نے کہا سستے گھروں کی تعمیر میں پیشرفت ہوئی ہے، ملک کے بڑے بلڈرز اس شعبے میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں، سرمایہ کاری سے کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے۔