اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مظفر آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اور معید یوسف کے ساتھ لائن آف کنٹرول کے سیکٹر چری کوٹ کا دورہ بھی کیا۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایل او سی اور مظفرآباد کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے ملاقات کی جس میں 5 اگست کو یوم استحصال کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پوری پاکستانی قوم، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، کشمیریوں کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے۔
سیکٹر چری کوٹ کے دورے کے موقع پر وزیردفاع پرویز خٹک اور معید یوسف بھی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر عسکری حکام کی طرف سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی گئی۔
وزیر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کی عظمت، ہمت اور جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت جو مرضی فیصلے کر لے کشمیریوں نے بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا پوری قوم کشمیریوں کی جوانمردی اور بہادری پر فخر کرتی ہے۔