اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کو ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کے عزم کیخلاف ناکامی ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشیر احمد کی شہادت کے واقعے کے بعد ان کے نواسے کی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کورونا کی وبا کے باوجود ہندوستانی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے معصوم لوگوں کے قتل عام اور لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان تمام تر قوت استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے عزم سے شکست کھا چکا ہے۔ بشیر احمد کے قتل کے بعد اس کے نواسے کی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی کے مہینے میں کشمیریوں نے قربانیوں کی بے مثال داستانیں رقم کیں یہ جدوجہد کا مہینہ ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستانی فوج کے ظلم بربریت پر حکومت پاکستان نے دنیا بھر میں آواز اٹھائی۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مقدمہ ہر فورم پر پوری قوت سے لڑتے رہیں گے۔