اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے نفرت انگیز رویے کے خلاف اس کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ آج پوری دنیا کے سامنے بھارت سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں میڈیا اینکرز کو بریفنگ دی گئی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور خطے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام کشمیری 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر آئینی اقدامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہر عالمی فورم پر بے نقاب کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی سرکار کی نفرت آمیز پالیسیوں نے پورے خطے کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ بھارت، مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پاکستان کے نئے سیاسی نقشے کی منظوری ایک بہت بڑا قدم ہے۔ یہ نیا سیاسی نقشہ پوری پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئے سیاسی نقشے کا اجرا قومی ضرورت کے پیشِ نظر کیا گیا۔ بھارت نے اقلیتوں کے حقوق کو جس طرح غصب کیا، آج پوری دنیا اسے تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔