سرینگر: (دنیا نیوز) مظاہروں کے ڈر سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے مزید پابندیاں عائد کر دیں، سری نگر میں کرفیو لگا دیا۔
آرٹیکل 370 کے خاتمے کو ایک سال ہونے پر بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں، سری نگر کو فوجی محاصرے میں لے لیا گیا ہے، کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ بھارتی فوج جگہ جگہ ناکے لگا کر بیٹھ گئی ہے، غاصب فورسز نے چھاپے مار کر مختلف شہروں سے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
مقبوضہ وادی میں گزشتہ ایک برس سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے اس تمام عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو حبس بے جا جیسی صورتحال میں رکھا ہوا ہے۔ عیدالاضحی کے دوران کشمیری مسلمانوں کو نماز عید تک ادا کرنے نہیں دی گئی، اسی طرح ان کی شخصی و مذہبی آزادی کو بزور قوت دبایا جا رہا ہے۔
ایک ہندو مملکت جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی دعویدار ہے، کس طرح ایک مسلمان ریاست (کشمیر) کو جبرواستبداد کا نشانہ بنا کر اپنی مرضی مسلط کر سکتی ہے، یہ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔