اسلام آباد: (دنیا نیوز) پانچ اگست کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے، کریک ڈاؤن، قتل عام اور محاصرے کو ایک برس مکمل ہونے کے حوالے سے پاکستان نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز اور وزیر مواصلات مراد سعید نے یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی۔ شبلی فراز نے کہا کہ ڈاک ٹکٹ کے اجرا کا مقصد دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں یادگاری ٹکٹ کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ دنیا بھر میں گھومے گا، اہم دفاتر، سفارت خانوں میں جائے گا اور کشمیر کے مظالم کی عکاسی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں 5 اگست کو یوم سیاہ ویوم استحصال کے طور پر منایا جائے گا، اس روز بھارتی مظالم کی خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کہ کہ اپنے گھروں پر قومی اور کشمیری پرچم بلند کریں تاکہ کشمیریوں کو احساس ہو کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیر کاز کو اس کے انجام تک پہنچائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ بھارت کے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر ظالمانہ محاصرے کو ایک برس مکمل ہو گیا ہے، اسی لیے آج ایک یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا۔
ٹکٹ کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ڈاک ٹکٹ میں زنجیر کا مطلب پورے کشمیر کو محاصرے سے دنیا سے کاٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے بشیر احمد کی ان کے نواسے کے سامنے شہادت کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ بھارت کے باوردی دہشتگردوں کو بھی اس ٹکٹ میں دکھایا گیا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ یہ ٹکٹ جہاں پہنچے گا، بھارتی مظالم کو بے نقاب کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے خود کو کشمیریوں کا سفیر ثابت کر دیا ہے۔