لاہور: (دنیا نیوز) انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں سخت اور امتیازی پابندیاں جاری رکھے ہوئے ہے، 144 بچوں سمیت ہزاروں افراد بغیر کسی مقدمے کے جیلوں میں قید ہیں۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں سخت اور امتیازی پابندیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے مقبوضہ وادی میں اظہار رائے کی آزادی، معلومات تک رسائی اور صحت کی سہولتوں کا شدید فقدان ہے۔ کورونا وائرس کی وبا نے کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ پہلے سے فوجی محاصرے میں موجود لوگوں پر وبا کے نام پر پھر لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
تنظیم کے مطابق غاصب حکام نے 5 اگست کے حوالے سے کشمیریوں کے مظاہروں کو روکنے کے لیے احکامات جاری کیے ہیں، پولیس کے مطابق 144 بچوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق ہزاروں افراد بغیر کسی مقدمے کے جیلوں میں ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر نے کہا ہے بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سختی سے دبا رکھے ہیں۔