اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں یوم استحصال منانے کے فیصلے کی توثیق جبکہ ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان کے آفیشل نقشے کی تیاری اور اجرا کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے مختلف امور سے متعلق 13 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد ناساز طبعیت کے باعث اجلاس شروع ہونے کے کچھ دیر بعد چلے گئے۔
کابینہ نے اپنے اجلاس میں ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک پاکستان، کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ کابینہ کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارگردگی، میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگیوں، گیس کی تقسیم کے منصوبوں، اقتصادی ترقی اور معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی کابینہ کو ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی جبکہ کابینہ نے وزارت آئی ٹی کے ماتحت یو ایس ایف کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے چیئرمین کی تقرری اور پی آئی اے کے آر پی ٹی، ایریل ورک اور چارٹر لائسنس کی تجدید کیساتھ ساتھ پاکستان گلوبل انسٹی ٹیوٹ روات کے چارٹر کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے اسلام آباد میں گھروں میں کام کرنے والے ورکرز کے تحفظ کے بل کا بھی جائزہ لیا۔ شیخ رشید نے کابینہ کے اجلاس میں کچھ منٹ شرکت کی اور شرکا کو بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں، کابینہ اجلاس کے دوران شیخ رشید اجازت لے کر واپس چلے گئے۔