اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر کے بعد اس کو دیگر علاقوں سے منسلک کردیا۔
وفاقی دارالحکومت میں ایس ڈی پی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ثمرات پورے پاکستان کے عوام کیلئے ہیں۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر کے بعد اس کو دیگر علاقوں سے منسلک کردیا، منصوبوں کی وسعت کیلئے دور دراز علاقوں تک شاہراہوں کی تعمیر جاری ہے۔
عاصم سلیم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہوں کی تعمیر سے مدور دراز علاقوں میں بھی خوشحالی آئے گی۔ سی پیک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔