ایکنک نے ایم ایل ون کی منظوری دیدی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی

Last Updated On 05 August,2020 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ایکنک نے ایم ایل ون کی منظوری دیدی ہے، یہ منصوبہ چھ ارب ڈالر سے زائد میں مکمل کیا جائے گا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک ایک ہزار 872 کلومیٹر طویل ایم ایل ون منصوبہ ہے جبکہ اس کے علاوہ حویلیاں میں ڈرائی پورٹ اور والٹن اکیڈمی کو جدید بنانا بھی منصوبہ کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تھر بلاک ٹو 330 میگاواٹ کے پاور پلانٹ پر کام بھرپور انداز میں جاری

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے بتایا تھا کہ تھر بلاک ٹو میں 330 میگاواٹ کے ایک اور پاور پلانٹ پر کام بھرپور انداز میں جاری ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ حال ہی میں لانچ کردہ تھل نوا حبکو مشترکہ منصوبے میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

 

انہوں نے بتایا کہ مقامی طور پر 305 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ سی پیک کے تحت اس منصوبے کا فنانشل کلوزنگ ستمبر میں متوقع ہے۔

خیال رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک نے ایم ایل ون منصوبہ کی منظوری دیدی ہے، جس کے تحت 2655 کلومیٹر کا ٹریک اپ گریڈ ہوگا۔ ریلوے کے ٹریک کو جلد از جلد اپ گریڈ کرنے کا کام تین پیکیجز میں کیا جائے گا۔ مسافر ٹرینیں 65 اور 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔

تفصیل کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں میں ایم ایل ون منصوبے کے ذریعے مسافر ٹرینوں کی تعداد 34 ٹرینوں سے بڑھا کر 137 اور پھر 171 ہو جائے گی اور ریلوے کی مال بردار گاڑیاں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے پراجیکٹ سٹئیرنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔

ایکنک نے 11 ارب 7 کروڑ روپے مالیت کے پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی بھی منظوری دی۔ ایف بی آر کے اس منصوبے کی 2023ء میں تکمیل سے سرحد پار تجارت کے نظام اور طریقہ کار میں بہتری آئے گی۔

کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تعمیری لاگت میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ منصوبہ 78 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔

یو ایس پاکستان نالج کاریڈور منصوبے کے پہلا فیز کی بھی منظوری دیدی گئی۔ نالج کاریڈور منصوبے پر 25 ارب 22 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی۔
 
 

Advertisement