عمران خان کی قیادت میں عوام اور ماحول دوست پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے: فیاض چوہان

Last Updated On 09 August,2020 03:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام اور ماحول دوست پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انسان دوستی، ماحول دوستی اور غریب دوستی وزیرِ اعظم عمران خان کی سب سے اہم خوبی ہے۔ عمران خان عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ پر عمیق نگاہ رکھتے ہیں۔ بلین ٹری سونامی منصوبے کو عالمی لیڈران نے سراہتے ہوۓ گیم چینجر منصوبہ قرار دیا تھا۔ اب ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ پاکستان کی آب و ہوا اور ماحول کو ترو تازگی بخشے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے درختوں کو نظر انداز کر کے کنکریٹ کی سڑکوں اور پلوں کو اہمیت دی۔ اس کا نتیجہ منفی ماحولیاتی تبدیلیوں، ہیٹ سٹروک، اندازے سے زیادہ بارشوں کی صورت میں ہوا۔ آج سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شجر کاری کی ایک اور منزل طے کی جاۓ گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے پر پنجاب بھر میں 12 لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں۔ بزدار حکومت نہ صرف کھلی جگہوں بلکہ شہروں میں بھی شجر کاری کو اہمیت دے رہی ہے،اربن فاریسٹ سے ماحولیاتی آلودگی اور درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں آئندہ نسلوں کو صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان کا تحفہ دیں گے۔