بلوچستان: شدید بارشوں سے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال، حادثات میں 9 افراد جاں بحق

Last Updated On 10 August,2020 10:38 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے باعث کئی اضلاع میں تباہیاں ہوئیں، مختلف واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع بولان کی تحصیل بھاگ میں کئی دیہات زیر آب آ گئے، درجنوں گاﺅں سیلاب میں بہہ گئے۔ ضلع چاغی کے بھی کئی دیہات زیر آب آ گئے جبکہ لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔ جھل مگسی میں پھنسے مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کی بھاری مشینری کی دستیابی سمیت تمام تیاریاں مکمل کر کے متاثرہ علاقوں کو امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ عوام کو آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

بولان میں 3، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں 2,2 افراد جاں بحق ہوئے۔ جعفر آباد اور کوہلو میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔ طوفانی بارشوں اور سیلابی پانی میں بہہ جانے سے 142 گھروں، 2 پل، ایک لنک روڈ اور ایک ڈیم کو نقصان پہنچا ہے۔
 

Advertisement