اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

Last Updated On 07 August,2020 04:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہفتہ کے روز بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، کیچ اور گوادر بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی سمیت سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب موسم رہا۔

کراچی 94، شہید بینظیر آباد 47، سکرنڈ 35، حیدر آباد 14، ٹھٹہ 12، بدین، چھور 07، کاکول 25، خضدار 17، اوڑمارہ 06، قلات 03 اور کوٹ ادو میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز تربت 47، سبی، شہید بینظیر آباد اور دالبندین میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرات ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے تیز موسلا دھار بارش کے باعث کراچی اور حیدر آباد میں جمعہ اور ہفتہ کو اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ بلوچستان اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔ اس دوران سندھ اور مکران ساحل پر سمندری لہریں طلاطم خیز رہیں گی۔ ماہی گیر حضرات سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
 

Advertisement