لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں کالی گھٹائیں امڈ پڑیں جس کے بعد موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔
عید قرباں کے دوسرے دن ٹھنڈا ٹھار ہو گیا، گھنگھور گھٹائیں جم کر برسیں جس سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ ٹھنڈی ہواؤں اور سرمئی بادلوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ سڑکوں پر لگے دو رویہ درختوں پر جھولتے پات دلکش منظر پیش کرنے لگے۔ ٹہنیوں پر گنگناتے رنگ برنگ پھول، باغوں میں بچھے سبز قالین اور ہر منظر نکھرا نکھرا، آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ لاہور کے علاقوں شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، کینال روڈ، تاج پورہ، فتح گڑھ، ہربنس پورہ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔