لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران وقفے قفے سے بارش کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ریکارڈ کیا گیا۔
وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود نے بارش کی صورتحال کے پیش نظر تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈسپوزل سٹیشنز کا دورہ کرکے وہاں عملے کی موجودگی یقینی بنائیں جبکہ کنٹرول روم محکمہ موسمیات سے آنے والی بارش کی اطلاعات فیلڈ تک بروقت پہنچائی جائیں۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے سے شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔
گلشن راوی، سمن آباد، راج گڑھ، ڈیوس روڈ، حاجی پارک، سگیاں روڈ، اردو بازار، نشاط کالونی، احمد ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، گڑھی شاہو اور قلعہ گجر سنگھ کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔