لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

Last Updated On 19 July,2020 05:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، چنیوٹ، سانگلہ ہل، آزاد کشمیر چکار اور اس کے گردونواح میں بارش جبکہ بعض مقامات پر بوندا باندی ہوئی۔

 

لاہور کے علاقوں لبرٹی، حسین چوک، برکت مارکیٹ، جیل روڈ، گلبرگ، فردوس مارکیٹ، کیمپس، وحدت روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں موسلا دھار بارش جبکہ شاہدرہ اور گردونواح میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف مقامات پر بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر چنیوٹ شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے شدید گرمی اور حبس کا روز ٹوٹ گیا تاہم متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں کے مکینوں کو سخت کوفت کا سامنا ہے۔

فیصل آباد، سانگلہ ہل، جہلم ویلی، آزاد کشمیر، چکار اور اس کے گردونواح میں آندھی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

پیر کے روز بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع۔ ہے۔

اس دوران جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم بالائی پنجاب، بالائی سندھ، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند اضلاع میں بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش نارووال 49، سیالکوٹ سٹی 15، لاہور 04، دادو 22، پڈعیدن 16، کالام 04، گلگت بلتستان 04، بونجی 02 اور تربت میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز تربت 46، نوکنڈی، دالبندین، دادو 44، جیکب آباد اور موہنجو داڑو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 

Advertisement