لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں مون سون کی 71 ملی میٹر بارش نے فاروق گنج انڈر پاس کو ڈبو دیا جس سے بادامی باغ اور ایک موریہ پل کا فاروق گنج سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
ساون کی موسلا دھار بارش واسا کے لاہور کو ڈوبنے سے بچانے کے دعوے بہا لے گئی، شمالی لاہور کا فاروق گنج انڈر پاس پانی میں ڈوب گیا، 7 فٹ گہرے انڈر پاس میں 6 فٹ تک بارشی پانی جمع ہو گیا۔
بارش کا پانی اکٹھا ہونے سے فاروق گنج کا علاقہ بادامی باغ اور ایک موریہ پل سے کٹ کر رہ گیا۔ بچے، بڑے سب بارش کے پانی میں ڈبکیاں لگاتے فاروق گنج روڈ کو عبور کرنے پر مجبور ہیں۔ بارشی پانی میں موٹر سائیکلیں اور رکشے بھی بند ہو گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کیں مگر کوئی بات سننے کو تیار ہی نہیں، بارش کے اتنے پانی میں سنت ابراہیمی کہاں ادا کریں۔ علاقہ کے رہائشیوں کا مزید کہنا تھا کہ سہولت کے لئے بنایا گیا انڈر پاس ناقص حکمت عملی کے باعث پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔