جنوبی ایشیائی ملکوں کی ترقی کیلئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے: وزیراعظم

Last Updated On 10 August,2020 11:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کیساتھ ٹیلیفون رابطے کے دوران کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی ملکوں کی ترقی کیلئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے کورونا وباء کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ جبکہ مالدیپ کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر کو کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ جنوبی ایشیاء میں امن و امان سے متعلق پاکستان کےمؤقف سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کے ملکوں کی ترقی کیلئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، ترقی پذیر ملکوں کو صحت اور مالیاتی شعبے میں چیلنجز درپیش ہیں۔ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، کورونا کے خاتمے، معیشت خصوصاً سیاحت کی بحالی کیلئے مالدیپ کے اقدامات قابل تعریف ہیں، سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی اور اہم معاشی شعبے بتدریج کھولے جا رہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں میں نرمی کے عالمی پروگرام کا مقصد ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو کورونا کے اثرات سے بچانا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے پاس طبی شعبے کی بہتری کے لئے وسائل کم ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد اللہ شاہد نے پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دعائیں سیلاب سے متاثرین کیساتھ ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عبد اللہ شاہد کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی فکر مندی اور دعاؤں کا شکریہ۔
 

Advertisement