لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنی صاحبزادی کو ٹیلی فون کرکے نیب پیشی کے موقع پر ہونے والے واقعہ پر بات چیت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے والد کو کارکنوں پر تشدد اور تمام واقعہ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران آگاہ کیا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔
انہوں نے لیگی رہنما کی گاڑی پر حملے اور کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپویشن کو نیب کے ذریعے دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔
بعد ازاں اپنے ایک بیان میں سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے بدمعاشی چلتی رہتی ہے، ایک زمانے میں میرے جلوس پر بھی پتھراؤ کیا گیا تھا۔ سیاست میں ایسے رویوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ن لیگ کیساتھ پیش آنے والے واقعہ پر ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن یکسو نہ ہو سکی، اس لئے خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ اپوزیشن کو سیاسی معاملات میں یکسو ہونا چاہیے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کیساتھ ہمارے تحفظات ہیں۔