لاہور: (دنیا نیوز) نیب حکام نے مریم نواز سمیت سینئر لیگی رہنماوں کے خلاف پتھراو کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کر لیا، ن لیگی کارکنان نے مریم کی پیشی کے موقع پر نیب عمارت اور پولیس پر شدید پتھراؤ کیا تھا۔
نیب کی جانب سے ن لیگی رہنما مریم نواز کو رائیونڈ میں 180 ایکڑ اراضی کیس میں طلب کیا گیا تھا، جب مریم نواز نیب دفتر لاہور پہنچیں تو لیگی کارکنان نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی، پولیس پر شدید پتھراؤ کیا جبکہ بیرئیر توڑنے کی بھی کوشش کی۔ پولیس نے ہنگامہ کرنے والے کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔
نیب حکام نے لیگی کارکنان کی ہنگامہ آرائی پر مریم کی پیشی منسوخ کر دی اور دفتر کا مرکزی دروازہ بند کروا دیا گیا، حکام متعلقہ تھانے میں ن لیگی کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج کروائیں گے۔