‘سعودی عرب میں مقدس مقامات کےتحفظ کیلئےکسی قربانی سےدریغ نہیں کیا جائیگا’

Published On 17 August,2020 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات استوار ہیں اور انہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان میں تعینات سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے عالمی امور اور مسائل پر ہمیشہ باہمی مشاورت سے کام کیا ہے۔ پاکستانی پارلیمان بالخصوص ایوان بالا اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ سعودی عرب میں مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے ذریع نہیں کیا جائیگا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے کیونکہ اس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا۔