اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
عدالت نے سابق صدر کی دو بی ایم ڈبلیو اور لیکسز گاڑیاں منجمد کرنے کے حوالے سے نیب کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے جبکہ منجمد کی گئی گاڑیوں میں نواز شریف کی مرسیڈیز بھی شامل ہے۔
تفصیل کے مطابق توشہ خانہ سے تحفے میں ملنے والی گاڑیاں لینے پر دائر کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت نے آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
احتساب عدالت کی جانب سے آصف زرداری کی دو بی ایم ڈبلیو اور لیکسز گاڑیوں کی ملکیت منجمد کرنے کے نیب فیصلے کی توثیق کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی توشہ خانہ سے لی جانے والی مرسیڈیز کی ملکیت بھی منجمد کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے چاروں گاڑیاں منجمد کرنے کا حکم دیا۔