اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر قائم تمام پٹرول پمپس اور تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر کا سروے کرائیں اور رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں، معاملے کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں۔
سپریم کورٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں سرکاری زمین لیز پر دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عوامی اور سرکاری زمینوں پر پٹرول پمپس کیسے تعمیر ہو گئے، عدالت نے پٹرول پمپس ختم کرانے کا حکم دیا تھا۔
کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ فیصل آباد والا پٹرول پمپ خالی کرا دیا ہے، عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کرینگے، عدالت کے حکم سے طاقت ملی ہے، شہر میں مزید گرین بیلٹس پر بھی تجاویزات ہیں، ان سب کیخلاف بھی ایکشن ہوگا۔
جسٹس قاضی امین نے کہا کہ کمشنر صاحب آپ پبلک سرونٹ ہیں، قانون اور اختیارات کا استعمال کریں، شہر کو چلانا انتظامیہ کا کام ہے، اراکین پارلیمان یا ججز کا نہیں، ایسی جگہوں پر کمرشل سرگرمیاں انتظامیہ کی ناکامی ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر تجاویزات کیخلاف ایکشن لے گی۔ عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔