اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نیب نے 2 سال میں 363 ارب، 91 کروڑ 80 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیئے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی قیادت میں گزشتہ کئی برسوں سے زیر التوا مقدمات کو بھی نمٹایا گیا، ذرائع کے مطابق نیب کو آرڈیننس 1999 کے تحت قائم کیا گیا جس کو آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی پالیسی پر عمل کر تے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کا اختیار دیا گیا۔
2 سال کے دوران جاوید اقبال کی قیادت میں اصلاحات کے ذریعے نیب کو فعال ادارہ بنایا گیا ہے، نیب کی کارکردگی اور استعداد کار میں بہتری لائی گئی اور زیر التوا کیسز کو نمٹایا گیا، نیب کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن کے لئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کی صورت میں شکایات کو مکمل کرنے اور بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کے لئے 90 روز کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ شکایات کے اندراج پر مخصوص شناخت نمبر جاری کیا جا رہا ہے۔
نیب کو گزشتہ 2 سال کے دوران 75 ہزار 268 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 66 ہزار 838 کو نمٹا دیا گیا، اس عرصہ میں 2417 شکایات پر کارروائی کی منظوری جبکہ 2036 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی، گزشتہ 2 سال کے دوران نیب نے 1240 انکوائریز کی منظوری دی جبکہ 1220 مکمل کی گئیں۔